لکھنؤ،23ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) جنسی تشدد کے الزام میں جیل بھیجے گئے سابق مرکزی وزیر داخلہ چنمیانند کو طبیعت بگڑ جانے کے بعد لکھنؤ واقع ایس جی پی جی آئی میں داخل کرایا گیا ہے۔ہسپتال پہنچتے ہی انہیں کرڈیولوجی محکمہ کے سربراہ نے اپنی نگرانی میں لے کر ابتدائی تفتیش شروع کر دی ہے،اگرچہ ایس جی پی جی آئی سے پہلے چنمیاند کو کے جی ایم یو میں داخل کرانے کا ارادہ کیا تھا، لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر عین وقت پر پروگرام میں تبدیلی کر دی گئی۔لکھنؤمیں واقع کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) کے بجائے ایس جی پی جی آئی میں چنمیاند کو داخل کرائے جانے کی تصدیق ایس جی پی جی آئی ترجمان آشوتوش سوتی نے بھی کی ہے۔انہوں نے بتایاکہ ریپ ملزم کو شاہ جہاں پور جیل سے دوپہر قریب 12 بجے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایاکہ چنمیاند کو فی الحال کرڈیولجی سیکشن میں رکھا گیا ہے،محکمہ سربراہ ڈاکٹر پی کے گوئل مریض کی بنیادی طبی تحقیقات کر رہے ہیں۔بتا دیں کہ سوامی شکدیواند لاء کالج میں پڑھنے والی ایل ایل ایم کی طالبہ نے 24 اگست کو ایک ویڈیو وائرل کرکے سوامی چنمیاند پر جسمانی استحصال اور کئی لڑکیوں کی زندگی برباد کرنے کے الزام لگائے تھے،لڑکی نے اپنی اور اپنے خاندان کو جان کا خطرہ بتایا تھا۔